205

نیوزی لینڈ کی ٹیم کب پاکستان آئے گی اور میچز کن شہروں میں کھیلے جائیں گے ؟ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی ، اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹر نیشنل اور پانچ ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی ۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز 17 ، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے ،سیریز میں شامل پانچ ٹی ٹوینٹی میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے ۔جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹر نیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں رسائی کیلئے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی ٹوینٹی میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے آئی سی سی اور ورلڈ ٹی ٹوینٹی ریکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے ۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے گئے تھے ، 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کر چکاہے ، تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے ۔ٹیم 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی ، 12 سے 14 ستمبر تک روم آئیسولیشن ہو گی ، 15 تا 16 ستمبر تک ٹریننگ ، پریکٹس اور انٹر اسکواڈ میچز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد پہلا ایک روزہ میچ راولپنڈی میں 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی ، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلنے کیلئے کراچی پہنچے گی ، آسٹریلیا کی ٹیم بھی آئندہ سال فروری یامارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں