120

لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد حریری وطن واپس پہنچ گئے

بیروت: 

لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے تین ہفتے کےبعد واپس بیروت پہنچ گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے تین ہفتے کےبعد بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، لبنانی وزیراعظم صدرسے ملاقات کریں گے جبکہ لبنان کی جشن آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

سعد حریری نے بیروت واپسی سے قبل قبرص اور مصر میں مختصر قیام کیا جہاں انھوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں لبنان کے موجودہ بحران اور خطے میں تیزی سے تبدیل ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ سعد حریری نے تین ہفتے قبل سعودی عرب کے دورے کے دوران وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ دینے کے بعد لبنان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ لبنانی وزیراعظم کو سعودی عرب نے یرغمال بنایا ہےاور استعفیٰ بھی سعودی دباؤ کا نتیجہ ہے تاہم سعد الحریری نے استعفے کی وجہ ایران اور حزب اللہ کی لبنان میں مداخلت کو قراردیا تھا، لبنان کےصدرنےسعدالحریری کے استعفے کو سعودی دباؤ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک وزیراعظم باضابطہ طورپر استعفیٰ پیش نہیں کرتے اس کو قبول نہیں کیاجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں