117

“امراللہ صالح پاکستان مخالف، ہم اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں” احمد مسعود نے خود ساختہ نگران صدر کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) طالبان کے خلاف قائم ہونے والے قومی مزاحمتی محاذ نے واضح کیا ہے کہ سابق نائب صدر اور خود ساختہ نگران صدر امراللہ صالح طالبان کے خلاف ان کی مزاحمت کا حصہ نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود کی قیادت میں قائم ہونے والے قومی مزاحمتی محاذ (این آر ایف) کے ترجمان علی میثم نزاری نے کہا کہ پورے ملک سے لوگ پنجشیر کی وادی میں طالبان کے خلاف لڑنے اور پناہ لینے کیلئے جمع ہو رہے ہیں۔ اس وقت سابق فوجیوں سمیت نو ہزار لوگ پنجشیر میں جمع ہیں جو طالبان کے ساتھ لڑنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا آپشن کھلا ہے، ہم ملک میں ایک ایسی جمہوری حکومت کا قیام چاہتے ہیں جس میں سب کی نمائندگی ہو، اگر ایسا نہ ہوا تو ہم لمبی لڑائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

این آر ایف ترجمان نے سابق نائب صدر اور خود ساختہ نگران صدر امراللہ صالح کے بارے میں کہا کہ وہ وادی پنجشیر میں موجود ہیں۔ وہ ہمیشہ سے ہی پاکستان کے مخالف رہے ہیں لیکن احمد مسعود اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں اس لیے دونوں کے خیالات میں ہم آہنگی نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امراللہ صالح طالبان اور پاکستان کے خلاف ہیں لیکن اس کا یہ مقصد نہیں ہے کہ وہ قومی مزاحمتی محاذ کا بھی حصہ ہیں، وہ پنجشیر میں ہیں اور انہیں عزت کے ساتھ رکھا گیا ہے، ہمارا مقصد وادی پنجشیر کی حفاظت ہے، اگر ہم پر کوئی حملہ کرتا ہے تو ہم اپنا دفاع کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں